لاہور ( جنرل رپورٹر،خبر نگار ) محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب، سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے طلبہ کو 40 ہزار ہمت کارڈز جاری کرے گا۔ اس فلاحی اقدام کا فیصلہ دونوں محکموں کے ایک اعلیٰ سطحی مشترکہ اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال سہیل شوکت بٹ اور معاونِ خصوصی وزیر اعلیٰ برائے سپیشل ایجوکیشن ثانیہ عاشق نے کی۔ صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر سپیشل ایجوکیشن کے طلبہ کو 40 ہزار ہمت کارڈز جاری کرے گا، اور اس عمل کے طریقۂ کار کو حتمی شکل دینے کے لیے دونوں محکموں میں مشاورت جاری ہے۔اس موقع پر بتایا گیا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر اس سے قبل سپیشل ایجوکیشن کے طلبہ کو 1100 سے زائد الیکٹرک وہیل چیئرز اور الیکٹرک بائیکس فراہم کر چکا ہے۔