برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن نے اپنے بچوں کے اسمارٹ فونز کے استعمال پر سخت پابندی عائد کی ہوئی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کیٹ مڈلٹن کے اپنے تینوں بچوں شہزادہ جارج، شہزادی شارلٹ اور شہزادہ لوئس کے اسمارٹ فون استعمال کرنے پر پابندی عائد کرنے کی وجہ ان سوشل میڈیا سے دور رکھنا یا ان کا اسکرین ٹائم کم کرنا نہیں ہے بلکہ اس فیصلے کی وجہ شاہی جوڑے کی شادی کے ابتدائی سالوں سے منسلک پریشان کن مواد ہے۔
رپورٹ میں 2012ء کے اس واقعے کا حوالہ دیا گیا ہے جب شاہی جوڑے کی فرانس کے ایک نجی دورے کے دوران کسی نے خفیہ طور پر تصاویر بنائیں اور پھر وہ تصاویر عالمی تنازع کا باعث بنیں۔
رپورٹ کے مطابق تصاویر کے تنازع پر پرائیویسی کی خلاف ورزی کے لیے ذمہ دار فرانسیسی پبلشر کے خلاف ایک بڑا عدالتی مقدمہ بھی چلا اور پبلشر پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ کیٹ مڈلٹن جانتی ہیں کہ وہ تصاویر ابھی بھی سوشل میڈیا پر موجود ہیں اور وہ نہیں چاہتیں کہ ان کے بچے وہ تصاویر دیکھیں۔
واضح رہے کہ کیٹ مڈلٹن طویل عرصے سے ڈیجیٹل دور میں بچوں کی ذہنی صحت کے تحفظ کی اہمیت کے بارے میں آواز اٹھاتی رہی ہیں۔
اُنہوں نے حال ہی میں ’رائل فاؤنڈیشن کے سینٹر فار ارلی چائلڈہوڈ‘ میں ایک مضمون جمع کروایا ہے جس میں ضرورت سے زیادہ اسکرین ٹائم اور نوجوان ذہنوں پر آن لائن مواد کے مضر اثرات پر روشنی ڈالی گئی ہے۔