• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آغا سراج درانی کی زندگی پر ایک نظر

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینیئر رہنما اور سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی 72 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

1953 میں درانی پشتون خاندان میں آنکھیں کھولنے والے، گڑھی یاسین سے تعلق رکھنے والے، آغا سراج درانی نے 1971 میں کراچی کے سینٹ پیٹرک ہائی اسکول سے میٹرک کیا، اس کے بعد کامرس میں بیچلر کیا۔

انہوں نے سندھ مسلم لا کالج سے ایل ایل بی کی ڈگری بھی حاصل کی۔ 1980 کی دہائی کے دوران ریاست ہائے متحدہ امریکا چلے گئے جہاں انہوں نے ہارڈ ویئر کا کاروبار کیا۔

بعدازاں وطن واپس آئے اور پہلی بار 1985 میں ضیا کے دورِ حکومت میں الیکشن لڑا تھا، تاہم ان انتخابات میں وہ ہار گئے تھے۔

اس کے بعد انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی اور 1988 کے انتخابات میں فتح حاصل کی اور  پہلی بار رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے۔

1990 میں نواز شریف کی حکومت کے دوران بدعنوانی کے الزامات کے تحت کچھ وقت کے لیے قید میں بھی رہے تھے۔

آغا سراج درانی گزشتہ چار دہائیوں سے زائد پیپلز پارٹی سے وابستہ رہے۔ تین مرتبہ صوبائی وزیر اور 31 مئی 2013 سے 25 مئی 2024 تک  2 مرتبہ سندھ اسمبلی کے اسپیکر رہے۔

وہ مارچ 2022 سے اکتوبر 2022 تک قائم مقام گورنر سندھ کے عہدے پر بھی تعینات رہے۔

آغا سراج درانی کا شمار شہید بے نظیر بھٹو اور آصف زرداری کے بااعتماد ساتھیوں میں ہوتا تھا۔

اس سے قبل ان کے والد آغا صدرالدین اور چچا آغا بدر الدین بھی اسی اسمبلی کے اسپیکر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔

واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کزشتی ماہ عارضۂ قلب کے باعث اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

خاص رپورٹ سے مزید