پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سلمان اکرم راجا کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے حلف کو روکنے کی استدعا عدالت نے مسترد کردی۔ آج اللّٰہ تعالی کے فضل سے آئین کے دشمن کی ایک اور کوشش ناکام ہوئی۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جنید اکبر، سلمان اکرم راجا اور دیگر نے پشاور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کی۔
ان کا کہنا ہے کہ جمہوریت کی فتح ہوئی ہے، آج نئی حکومت ہوگی، وزیراعلیٰ حلف اٹھائیں گے۔
سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ ہم بانی پی ٹی آئی کے کارکن ہیں، ہمیں کسی کا خوف نہیں، ہم عوام اور قانون کی پاسداری کے لیے لڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال اولین ترجیح ہے۔ بانی پی ٹی آئی بے گناہ جیل میں ہیں، جبر کو ہم ختم کریں گے۔ بانی پی ٹی آئی کی آزادی ہم سب کی آزادی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس اسمبلی کو 26ویں ترمیم کا اختیار نہیں تھا، یہ فارم 45 کی اسمبلی ہے۔ جبری طور پر لوگوں کو اغوا کرکے ترمیم کی گئی، شرمناک بات ہے۔ بہرحال آئین کی ایک شکل موجود ہے، ہمیں اسی کے تحت چلنا ہے۔ آج عدالتیں بھی 26 ویں آئین ترمیم کے تحت چلتی ہیں۔
اس موقع پر جنید اکبر نے کہا کہ ہم اس مشکل وقت میں ایک ساتھ کھڑے تھے۔ تمام سیاسی پارٹیوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ادارے ہمارے ہیں، یہ ملک سب کا ہے، سیاست آتی جاتی ہے۔ ہم اکٹھے ہوں گے تو ملک ترقی کرے گا۔ ہم نے آئین کے تحت چلنا ہے، ہم مسائل کا حل نکالنا چاہتے ہیں۔ 22 بڑے اور ہزاروں چھوٹے آپریشنز ہوئے لیکن مسئلہ حل نہیں ہوا۔