• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرسٹ ویمن بینک لمیٹڈ کی نجکاری کیلئے اماراتی کمپنی کی دی گئی بولی منظور

اسلام آباد ( نیو زرپورٹر)نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت کابینہ کمیٹی برائے بین الحکومتی تجارتی لین دین کا اجلاس منعقد ہوا۔بدھ کو نائب وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق کمیٹی نے فرسٹ ویمن بینک لمیٹڈ (ایف ڈبلیو بی ایل ) کی نجکاری کے لئے دی گئی بولی کی منظوری دی جو کہ ریفرنس قیمت سے زیادہ تھی۔ یہ ایک اہم سنگِ میل ہے جو نجکاری کے کامیاب عمل اور متحدہ عرب امارات کی نامزد سرکاری کمپنی انٹرنیشنل ہولڈنگ کمپنی (آئی ایچ سی ) کے ساتھ حکومت سے حکومت (جی 2 جی ) سطح پر معاہدے کی راہ ہموار کرتا ہے۔یہ پیشرفت پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی ) کے فروغ اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کا باعث بنے گی۔ اس موقع پر نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ نے نجکاری کمیشن اور اس اہم عمل سے وابستہ تمام متعلقہ اداروں اور افراد کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے اب تک ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومتِ پاکستان معاشی اصلاحات اور نجکاری کے عمل میں شفافیت کے اپنے عزم پر پوری طرح کاربند ہے۔

اہم خبریں سے مزید