کراچی (نیوز ڈیسک)امریکہ میں15ارب ڈالر(42کھرب16ارب پاکستانی روپے) کے بٹ کوائن ضبط ، کمبوڈین ارب پتی پر فرد جرم، چین ژی پر سائبر فراڈ اور منی لانڈرنگ الزامات،امریکی اٹارنی کا کہنا تھا یہ تاریخ کی سب سے بڑی کرپٹو ضبطی ہے۔دی جاپان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق امریکہ نے کمبوڈیائی کاروباری گروپ پرنس گروپ کے چیئرمین چین ژی پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ایک وسیع سائبر فراڈ نیٹ ورک کے سربراہ ہیں، جس کے نتیجے میں تقریباً15 ارب ڈالر مالیت کے بٹ کوائن ضبط کیے گئے۔امریکی پراسیکیوٹرز کے مطابق یہ تاریخ کی سب سے بڑی کرپٹو ضبطی ہے۔چین ژی جو 38 سال کے ہیں اور کمبوڈیا کے دارالحکومت پنوم پن میں پرنس گروپ کے سربراہ ہیں، پر وائر فراڈ سازش اورمنی لانڈرنگ کے الزامات ہیں۔ان کے نیٹ ورک پر الزام ہے کہ انہوں نے جبری مشقت کرنے والے کارکنوں سے دھوکہ دہی کے آن لائن منصوبے چلائے، جن میں ہزاروں امریکی اور عالمی شہری متاثر ہوئے۔یہ فراڈ اسکیم Pig Butchering کے نام سے مشہور ہے۔چین ژی تاحال مفرورہیں اور ان کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ چین سے ہجرت کر کے کمبوڈیا آئے تھے۔امریکی محکمہ خزانہ نےپرنس گروپ کو ایک بین الاقوامی مجرمانہ تنظیم قرار دے دیا ہے۔برطانیہ نے بھی اس کیس سے متعلق 130 ملین پاؤنڈز سے زائد مالیت کی جائیدادیں منجمد کر دی ہیں، جن میں شمالی لندن میں چین ژی کا 12 ملین پاؤنڈز کا محل بھی شامل ہے۔