برطانیہ اور بھارت کے درمیان دفاعی تعلقات میں ایک اور اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
یو کے لیڈ کیریئر اسٹرائیک گروپ (CSG25) نے بھارتی مسلح افواج کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقیں مکمل کرلیں۔ یہ دورہ آپریشن ہائی ماسٹ کے تحت برطانوی بحری بیڑے کے 8 ماہ پر مشتمل انڈو پیسیفک مشن کا حصہ تھا۔
دورے کے دوران برطانیہ کے فلیگ شپ ایچ ایم ایس پرنس آف ویلز اور اس کے ہمراہ جہازوں نے بھارتی بحریہ کے آئی این ایس وکرانت کے ساتھ مشق کنکن (Exercise Konkan) میں حصہ لیا، جو مغربی بحرِ ہند میں منعقد ہوئی۔
اس موقع پر برطانوی اور بھارتی فضائی افواج نے بھی مشترکہ فضائی آپریشنز انجام دیے، جو خطے میں دونوں ممالک کے بڑھتے ہوئے اسٹریٹجک اشتراک کو ظاہر کرتے ہیں۔
برطانوی وزیرِ دفاع لارڈ ورنن کوکر نے کہا ہے کہ یہ مشقیں برطانوی افواج کی طاقت اور عالمی سطح پر اس کے مؤثر کردار کا ثبوت ہیں۔ ہم نے جدید دفاعی ٹیکنالوجی پیش کی ہے جو بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مضبوط بناتی ہے اور برطانوی ملازمتوں کو تحفظ فراہم کرتی ہے۔
برطانوی ہائی کمشنر برائے بھارت لِنڈی کیمرون نے کہا کہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت اور تیزی سے ابھرتی ہوئی معیشت کے طور پر برطانیہ کا اہم ترین شراکت دار ہے۔