وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل خان آفریدی نے کہا ہے کہ کابینہ کی تشکیل کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد ہوگا، ابھی تک کابینہ کے ناموں کو حتمی شکل نہیں دی۔
’جیو نیوز‘ سے غیر رسمی گفتگو کے دوران سہیل آفریدی نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد اور پارٹی کے فیصلوں پر عمل کا پابند اور فیصلوں پر عملدرآمد کروں گا۔
اس دوران ایک صحافی نے سوال کیا کہ بیرسٹر سیف اور مزمل اسلم کابینہ میں شامل ہوں گے یا نہیں؟ اس پر جواب دیتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ بیرسٹر سیف، مزمل اسلم کی کابینہ میں شمولیت سے متعلق بانی نے ہدایات نہیں دیں، کابینہ کا فیصلہ اڈیالہ میں ملاقات کے بعد بانی کے احکامات پر ہو گا۔
صحافی نے سوال کیا کہ کیا نومبر میں کوئی ایڈونچر ہوگا، فیصلے سیاسی ہوں گے یا جذباتی؟
اس پر وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ میں انتظامی امور دیکھ رہا ہوں، سیاسی حکمتِ عملی اور احتجاج کا فیصلہ پارٹی کرے گی، سیاسی پیشرفت اور پارٹی امور کا فیصلہ صدر خیبر پختونخوا اور پارٹی کرے گی۔
اس سے قبل وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کا سیکیورٹی اسٹاف اڈیالہ جیل پہنچا تھا۔سہیل آفریدی کے سیکیورٹی اسٹاف کو اڈیالہ جیل کے قریب داہگل ناکے پر روک دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ کے پی سہیل آفریدی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے آج اڈیالہ جیل جائیں گے۔