اسلام آباد(رانا غلام قادر/ایجنسیاں)وفاقی کابینہ نے دہشت گردی اور پر تشدد کارروائیوں میں ملوث ہونے کی بنا پر تحریک لبیک پاکستان(ٹی ایل پی) کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کالعدم قرار دینے کی منظوری دے دی۔یہ منظوری وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت جمعرات کی شام ہو نے والے اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 2016 سے قائم اس تنظیم نے پورے ملک میں شر انگیزی کو ہوا دی‘ ماضی میں بھی ٹی ایل پی کے پرتشدد احتجاجی جلسوں اور ریلیوں میں سکیورٹی اہلکار اور بے گناہ راہگیر جاں بحق ہوئے۔ذرائع کاکہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے ضابطے کی کارروائی کےلیے وفاقی وزارتِ داخلہ کو احکامات جاری کر دیےتاہم حتمی فیصلے کے لیے ریفرنس سپریم کورٹ بھیجا جائے گا جہاں جماعت کو دفاع کا حق ملے گا۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم ہاؤس نےوفاقی کابینہ کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیاہے۔ اجلاس میں ون پوائنٹ ایجنڈے پر غور کیاگیا۔ اعلامیہ کے مطابق پنجاب حکومت کی درخواست پر وزارت داخلہ نے ٹی ایل پی کو کالعدم قرار دینے کیلئے سمری وفاقی کابینہ میں پیش کی۔ اجلاس میں حکومت پنجاب کے اعلی افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس کو کالعدم تنظیم کی پر تشدد اور انتشار پھیلانے والی کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ تنظیم کی وجہ سے ملک کے مختلف حصوں میں شر انگیزی کے واقعات ہوئے۔