پیرس (رضا چوہدری / نمائندہ جنگ) عالمی موسمیاتی تبدیلیوں کی تنظیم (WMO) نے پنجاب میں جنگلات کے تحفظ کیلئے انقلابی قدم اٹھانے کا خیرمقدم کیا ہے، 98سال بعد فاریسٹ ایکٹ میں تاریخی ترمیم کی گئی ہے جس سے صوبے میں جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ ڈبلیو ایم اوکے ہیڈ آفس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات مدثر ریاض ملک کے اس انقلابی اقدام سے صوبے میں جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے ایک نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ ماحولیاتی ماہرین نے اس فیصلے کا بھرپور خیرمقدم کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس تاریخی اقدام سے نہ صرف قدرتی ماحول اور فضائی معیار بہتر ہوگا بلکہ غیر قانونی لکڑی کی کٹائی اور جنگلات کی تباہی کے خلاف موثر کارروائی ممکن ہو سکے گی۔تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی زیرِ صدارت اجلاس میں فاریسٹ ایکٹ 1927ء میں 98 سال بعد ترمیم کی منظوری دے دی گئی۔ ان ترامیم کے تحت جنگلات کے تحفظ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے فاریسٹ فورس تشکیل دی جائے گی، جسے ایف آئی آر کے اندراج، گرفتاری اور تفتیش کے مکمل اختیارات حاصل ہوں گے۔