اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)صدر مملکت آصف علی زرداری نے بیگم نصرت بھٹو کو ان کی 14 ویں برسی پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ملک میں جمہوریت کیلئے جدوجہد میں ان کی جرات اور گرانقدر خدمات کو سراہا ہے۔ آصفہ بھٹو، یوسف رضا گیلانی، شازیہ مری، ہمایوں خان اور دیگر نے بھی نصرت بھٹو کو انکی برسی پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ جمعرات کو ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے مشکل حالات میں ثابت قدمی اور عزم کا مظاہرہ کیا، ان کا حوصلہ اور استقامت قوم کیلئے مشعل راہ ہے، بیگم نصرت بھٹو نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ جمہوریت کی جدوجہد میں نمایاں کردار ادا کیا اور تحمل اور عزم کے ساتھ تحریک کی قیادت کی، مشکل وقت کا ہمت کے ساتھ سامنا کیا اور جمہوری اقدار پر کاربند رہیں، انہوں نے مرحومہ کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی ،مرکزی ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز شازیہ مری، پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل محمد ہمایون خان اور دیگر نے بھی نصرت بھٹو کی 14ویں برسی کے موقع پر انہیں شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔