اسلام آباد ( افضل بٹ) آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے لئے پیپلز پارٹی نے فیصلہ کن اجلاس کل 25 اکتوبر کو اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے ۔ذرائع کے مطابق ہفتہ کی شام ایوان صدر اسلام آباد منعقد ہونے والے اجلاس میں آزاد کشمیر پیپلز پارٹی پارلیمانی گروپ کو مدعو کیا گیا ہے ، اجلاس میں صدر مملکت آصف علی زرداری، چیرمین بلاول بھٹو اور فریال تالپور شریک ہوں گی ۔ قبل ازیں یہ اجلاس 24 اکتوبر جمعہ کے روز طلب کیا گیا تھا لیکن بلاول بھٹو زرداری کی کراچی مصروفیات کی وجہ سے مقام اور تاریخ تبدیل کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں موجودہ وزیراعظم چوہدری انوارالحق کو ہٹانے اور نئی حکومت قائم کرنے کے حوالے سے حکمت عملی طے کی جائے گی ۔تفصیلات کے مطابق دو ماہ قبل وزیراعظم چوہدری انوارالحق کو 53 کے ایوان میں 45 ارکان کی حمایت حاصل تھی جن میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قانون ساز اسمبلی سمیت تحریک انصاف فارورڈ بلاک کے 24 پیپلز پارٹی کے 13 اور مسلم لیگ ن کے 8 ارکان اسمبلی شامل تھے۔چوہدری انوارالحق کو پہلا دھچکہ دو ماہ قبل اس وقت لگا جب پی ٹی آئی فارورڈ بلاک کے 4 ارکان اسمبلی شاہدہ صغیر ،جاوید بٹ ،علی شان سوہنی اور رفیق نیئر نے پیپلز پارٹی جبکہ اکمل سرگالہ نے مسلم لیگ ن میں شمولیت احتیار کر لی جس کے بعد پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی کی تعداد 17 اور مسلم لیگ ن کی 9 تک پہنچ گئی لیکن اس کے با وجود چوہدری انوارالحق کو 40 ارکان اسمبلی کی حمایت حاصل تھی۔