اسلام آباد ( طاہر خلیل ) پاک فوج کےسربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر مصر کے سرکاری دورے پر ہیں، دورے کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان فوجی تعاون اور دفاعی اشتراک کو فروغ دینا ہے۔انٹر سروسز پبلک ریلیشنز ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق فیلڈ مارشل نے مصری وزیر دفاع و دفاعی پیداوار جنرل عبدالماجد صقر اور مصری مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل احمد خلیفہ فتحی سے ملاقات کی۔اس موقع پر دفاع سمیت باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال، اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ مصر ایک برادر ملک ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون نہ صرف دونوں قوموں کے عوام کے لیے فائدہ مند ہوگا بلکہ علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔