بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں سوشل میڈیا پر ویڈیو (ریل) بنانے کے دوران جھگڑے نے ایک نوجوان کی جان لے لی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ شمال مشرقی دہلی کے نند نگری فلائی اوور پر پیش آیا، جہاں 22 سالہ سلمان نامی نوجوان دو گروپوں کے درمیان جھگڑے کے دوران شدید زخمی ہوگیا۔
عینی شاہدین کے مطابق جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب دونوں گروپ سوشل میڈیا ریل بنانے کے دوران ایک دوسرے سے الجھ پڑے، بات ہاتھا پائی تک جا پہنچی اور سلمان بری طرح زخمی ہو کر بےہوش ہوگیا۔
زخمی نوجوان کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دو دن بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے جھگڑے میں ملوث افراد کی شناخت کی جا رہی ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد مقدمے میں مزید دفعات شامل کی جا سکتی ہیں۔