وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر ہونہار پاکستانی طلبہ کا ایک وفد ترکیہ کے دورے پر ہے، جس نے آج دارالحکومت انقرہ میں ترک وزارتِ قومی تعلیم کا دورہ کیا۔
اس اقدام کا مقصد طلبہ کو تعلیمی کارکردگی پر سراہنا اور پاکستان و ترکیہ کے درمیان تعلیمی و ثقافتی روابط کو مزید فروغ دینا ہے۔
وفد کا پرتپاک استقبال ترکیہ کے وزیرِ قومی تعلیم جناب یوسف تکین نے کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان نسل پاکستان اور ترکیہ کے مثالی برادرانہ تعلقات کی علمبردار ہے اور یہ دوستی دیگر اقوام کے لیے بھی ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ نوجوانوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ باہمی احترام، اعتماد اور مشترکہ اقدار پر مبنی اس دیرینہ رشتے کو مزید پروان چڑھائیں اور مضبوط کریں۔
پاکستانی طلبہ کے وفد کو نہایت گرمجوشی سے خوش آمدید پر ترکیہ میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے وزارتِ قومی تعلیم کا شکریہ ادا کیا اور ان سے تعلیمی و فکری تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر انہوں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے، برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی، نوجوانوں کی ترقی اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ میں مزید تقویت پیدا ہوگی۔
طلبہ کے وفد کی نمائندگی کرتے ہوئے محترمہ انا فاروقی نے وزیراعظم پاکستان کا دلی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ تجربہ نہایت قیمتی اور بصیرت افروز ثابت ہوا ہے، جس سے طلبہ کو ترکیہ کے تعلیمی نظام کے بارے میں گہری آگاہی حاصل ہوئی اور پاکستان و ترکیہ کے تاریخی و موجودہ تعلقات کو بہتر انداز میں سمجھنے کا موقع ملا۔
بعد ازاں وفد نے انقرہ میں پاکستان کے سفارت خانے کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں ایک سفارتی مشن کے انتظامی ڈھانچے اور اس کے مختلف فرائض و ذمہ داریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔