فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے یومِ کشمیر کی تقریب سے سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یومِ کشمیر پر دنیا بھر کے پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں۔
انہوں نے بین الاقوامی قانون کی بھارتی خلاف ورزیوں اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور یو این ایس سی کی قراردادوں کو نظر انداز کرنے کی طویل تاریخ کا خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کا حقِ خود ارادیت بین الاقوامی قانون میں درج ہے اور اس کی ضمانت اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں دی گئی ہے، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ اس حق کا استعمال اقوامِ متحدہ کے زیرِ اہتمام آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے کیا جائے گا۔
سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے ان کی سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
تقریب میں جموں و کشمیر پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے کشمیری عوام کی دہائیوں سے جاری تحریکِ آزادی کو اجاگر کیا گیا۔
اس موقع پر کشمیری عوام کی جدوجہد اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے مظالم کے حوالے سے ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی۔
شرکاء میں ممتاز کشمیری اور سول سوسائٹی کے نمائندے شامل تھے جنہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیرمیں بھارتی قابض افواج کی طرف سے انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔
انہوں نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں اور میڈیا سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیرمیں انسانی حقوق کی صورتِ حال کو اجاگر کریں اور جموں و کشمیر کے حوالے سے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مکمل عمل درآمد کرائیں۔