لندن میں ویسٹ منسٹر ہال میں حکومت کی کشمیریوں کے حق خودارادیت پر اجلاس ہوا۔
اجلاس میں شرکاء نے متفقہ طور پر مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی حمایت کی۔
حکومت کی نمائندگی پارلیمنٹری انڈر سیکریٹری آف اسٹیٹ فار پاکستان ہمیش فالکنر نے کی۔
اجلاس میں مختلف جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ نے مسئلہ کشمیر کے جلد حل پر زور دیا۔
برطانوی پارلیمنٹ کے رکن عمران حسین نے کہا کہ وزیرِ اعظم کو آج مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ارکانِ پارلیمنٹ کی یادداشت پیش کروں گا۔
برطانوی پارلیمنٹری انڈر سیکریٹری آف اسٹیٹ ہمیش فالکنر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیاء کا حساس مسئلہ ہے جو دو ایٹمی قوتوں کے درمیان فلیش پوائنٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کشمیریوں کی مرضی کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل تلاش کریں، برطانیہ کشمیر کی صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
ہمیش فالکنر نے یہ بھی کہا کہ انسانی حقوق کا احترام اور پابندیوں کے خاتمے کے ساتھ سیاسی قیدیوں کی رہائی ہونی چاہیے۔