کراچی (نیوز ڈیسک) دنیا بھر میں 28نئے کاربن بم منصوبے، ماحولیاتی بحران مزید سنگین ہونے کا خدشہ، نئے منصوبے 2021کے بعد شروع کیے گئے، 365 اب بھی ایک ارب ٹن سے زیادہ کاربن ڈائی آکسائیڈ پیدا کر رہے ہیں۔ چین 43، روس 9 ور امریکہ 5 فیصد کاربن بموں کے ذمہ دار، اخراج عالمی کاربن بجٹ سے 11گنا زیادہ ہے۔ ماحولیاتی تنظیموں کی تازہ رپورٹ کے مطابق 2021سے اب تک دنیا بھر میں 28 نئے فوسل فیول (ایندھن) کے منصوبے شروع کیے گئے ہیں جنہیں "کاربن بم" کہا جاتا ہے، یعنی ایسے منصوبے جو اپنی مدتِ کار میں ایک ارب ٹن سے زیادہ کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس وقت 365 ایسے منصوبے فعال ہیں، اگرچہ عالمی ادارہ توانائی نے 2021 میں خبردار کیا تھا کہ نئے تیل اور گیس منصوبے پیرس معاہدے کے ماحولیاتی اہداف سے متصادم ہیں۔ بین الاقوامی بینکوں نے ان منصوبوں میں 1.6 ٹریلین ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی۔