اسلام آباد (عاطف شیرازی ) پاکستان اور بنگلہ دیش تعلقات میں دو دہائیوں بعد اہم پیشرفت،پاکستان نے بنگلہ دیش کو کراچی پورٹ ٹرسٹ کے استعمال اور نالج راہدری کے قیام سمیت اہم منصوبوں کی پیشکش کی ہے ۔ دونوں ممالک کے درمیان نواں جوائنٹ اکنامک کمیشن (JEC) کا اجلاس ڈھاکہ میں منعقد ہوا، جس میں دو طرفہ اقتصادی، تجارتی اور ترقیاتی تعاون کو فروغ دینے کے متعدد فیصلے کیے گئے۔اجلاس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک اور بنگلہ دیش کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر صالح الدین احمد نے کی۔وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے اجلاس میں کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات باہمی احترام اور دوستی پر مبنی ہیں۔ انہوں نے بنگلہ دیشی حکومت کی میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا دائرہ مزید وسیع ہو گا۔اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق، پاکستان نے بنگلہ دیش کو کراچی پورٹ ٹرسٹ کے استعمال کی پیشکش کی ، جس سے بنگلہ دیش چین اور وسطی ایشیائی ممالک سمیت خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ تجارت کو وسعت دے سکے گا۔دونوں ممالک نے اپنی قومی شپنگ کارپوریشنز کے درمیان تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ اسی طرح، پاکستان حلال اتھارٹی اور بنگلہ دیش اسٹینڈرڈز اینڈ ٹیسٹنگ انسٹی ٹیوٹ کے درمیان حلال ٹریڈ میں تعاون سے متعلق ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے،اجلاس میں پاکستان۔بنگلہ دیش نالج کوریڈور کے قیام کی بھی تجویز دی گئی، جس کے تحت پاکستان نے بنگلہ دیشی طلبہ کے لیے 500 مکمل فنڈڈ اسکالرشپس دینے کی پیشکش کی۔