• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین کو ورزش سے کم وقت میں مردوں کے مقابلے میں بہت زیادہ فائدہ ہوتا ہے، تحقیق

ایک تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ورزش کرنے سے خواتین کو مردوں کے مقابلے میں زیادہ فائدہ پہنچتا ہے۔ 

اس نئی تحقیق کے مطابق خواتین کو ورزش سے مردوں کے مقابلے میں بہت زیادہ فائدہ ہوتا ہے، وہ مقابلتاً کم محنت سے کہیں زیادہ نتائج حاصل کرتی ہیں۔

یہ تحقیق نیچر کارڈیو ویسکولر ریسرچ میں رپورٹ ہوئی ہے جس کے مطابق محققین کا کہنا تھا کہ مردوں جیسی ورزش کرنے کے باوجود خواتین میں اسکے فوائد زیادہ ہوتے ہیں اور ان میں مردوں کے مقابلے میں امراض قلب سے اموات کی تین گنا تک کمی ہوجاتی ہے۔

محققین نے کہا کہ ان نتائج سے یہ بات سامنے آئی کہ یہ تصور غلط ہے کہ ایک ہی قسم کی ورزش سب کے لیے موزوں ہے، کیونکہ یہ سمجھا جاتا ہے کہ مرد اور عورت دونوں ایک ہی مقدار کی ورزش سے یکساں فائدہ حاصل کرتے ہیں، جو غلط ہے، حالانکہ خواتین کم محنت سے زیادہ فوائد حاصل کرتی ہیں۔

اس تحقیقی ٹیم کے سربراہ جیاجن چن جو کہ چین کی ژیامین یونیورسٹی کے انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیز ایک ریسرچ ایسوسی ایٹ ہیں، انھوں نے تحریر کیا کہ مردوں کے مقابلے میں، خواتین کو صحت کے فوائد حاصل کرنے کے لیے صرف نصف ورزش کا وقت درکار ہوتا ہے، انھوں نے کہا یہ نتائج ممکنہ طور پر خواتین کو جسمانی سرگرمی میں حصہ لینے کی ترغیب دے سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس تحقیق کے لیے محققین نے برطانیہ کے بائیوبینک، جو کہ وہاں پر ایک طویل مدتی ہیلتھ ریسرچ پروجیکٹ ہے، سے 85 ہزار سے زیادہ شریک ہونے والے افراد کا ڈیٹا لیکر اسکا تجزیہ کیا۔ اس تحقیق میں شامل افراد نے ایکٹیویٹی ٹریکرز اپنی کلائیوں پر پہن کر کام کیا۔

نتائج سے پتہ چلا ہے کہ دل کی بیماری کے خطرے کو 30 فیصد تک کم کرنے کے لیے مردوں کو ہر ہفتے 530 منٹ معتدل سے سخت فزیکل ایکسرسائز کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ خواتین صرف 250 منٹ فی ہفتہ میں اتنے ہی فوائد حاصل کرسکتی ہیں۔

صحت سے مزید