تین خشک میوے ایسے ہیں جن میں انڈوں سے زیادہ پروٹین پاپا جاتا ہے۔ ان میں مونگ پھلی، بادام اور پستے شامل ہیں اور یہ ان لوگوں کے لیے انڈوں کے پروٹین کا بھرپور متبادل ہوتے ہیں جو اپنی غذائی تنوع میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں۔
اس حوالے سے ہیلتھ نیوز پلیٹ فارم ایٹنگ ویل کے مطابق انڈے بہت زیادہ پروٹین کی وجہ سے مشہور ہیں۔ ایک انڈے میں تقریباً 6 گرام پروٹین ہوتا ہے۔ انڈے کو اکثر دیگر غذاؤں میں پروٹین کی مقدار جانچنے کے معیار کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ تاہم کچھ خشک میوے بھی اس معیار پر پورا اترتے ہیں، جو توانائی کا مرتکز اور غذائیت سے بھرپور ذریعہ فراہم کرتے ہیں اور ان میں مونگ پھلی، بادام اور پستہ شامل ہے۔
مونگ پھلی:
مونگ پھلی تکنیکی طور پر دالوں میں شمار ہوتی ہے، لیکن ذائقے اور غذائی خصوصیات میں مماثلت کی وجہ سے اسکی عام طور پر خشک میوے کے طور پر درجہ بند کی جاتی ہے۔ مونگ پھلی کی ایک اونس (29 گرام) مقدار میں 7 گرام پروٹین اور 2 گرام فائبر ہوتا ہے، جو اسے ایک نہایت مفید اور تسلی بخش اسنیک بناتا ہے۔
میڈیکل نیوز ٹوڈے کے مطابق مونگ پھلی میں ضروری حیاتین اور معدنیات بکثرت پائے جاتے ہیں۔ اسکے غذائی فوائد میں دل کی صحت کو بہتر بنانا، خون میں شکر کی سطح کو قابو میں رکھنا اور دیگر مفید اجزا شامل ہوتے ہیں۔
بادام:
بادام میں پروٹین کی بہت زیادہ مقدار پائی جاتی ہے جس کی وجہ سے انڈوں کا ایک بہترین متبادل ہے۔ فی اونس یا 23 بادام میں چھ گرام پروٹین ہوتی ہے۔ پروٹین کے علاوہ 23 باداموں میں 3.5 گرام فائبر بھی شامل ہوتا ہے جو کہ روزانہ کی مطلوبہ مقدار سے دس فیصد زیادہ ہوتا ہے، جو کہ اینٹی آکسیڈینٹ ہونے کے ساتھ دل کی صحت کے لیے اضافی طور پر مفید ہوتا ہے۔
پستہ:
پستہ نہ صرف مختلف ڈشز کے ذائقے کو بڑھاتا ہے بلکہ اس میں پروٹین بکثرت پایا جاتا ہے اور بغیر چھلکے کے پستوں کے ایک اونس میں تقریباً 6 گرام پروٹین ہوتا ہے۔ اسکے علاوہ اس میں پوٹاشیم، وٹامن بی 6 اور مینگنیز کی وافر مقدار بھی ہوتی ہے۔ ایک حالیہ تحقیق کے مطابق یہ معدے اور آنتوں کی صحت کے لیے نہایت مفید ہوتے ہیں۔
اگرچہ خشک میووں میں انڈوں کے مقابلے میں کیلوریز زیادہ ہوتی ہیں، لیکن ان میں موجود دیگر اہم غذائی اجزا جن میں پروٹین، فائبر، حیاتین اور معدنیات شامل ہیں، انہیں متوازن غذا کا ایک قیمتی حصہ بناتا ہے۔
نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کیلئے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔