اسپورٹس بورڈ پنجاب نے اسکواش کے کھلاڑیوں کو نئے سال کا تحفہ دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔
لاہور کے نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں کئی دہائیوں سے التوا کا شکار اسکواش کمپلیکس تکمیل کے آخری مرحلے میں پہنچ گیا ہے، اسکواش کمپلیکس کی تعمیر 90 کی دہائی کے آغاز میں شروع ہوئی لیکن مختلف وجوہات کی بنا پر مکمل نہ ہو سکی۔
چند برس قبل پاکستان اسپورٹس بورڈ سے اسکواش کمپلیکس اسپورٹس بورڈ پنجاب کو منتقل ہوا، اسپورٹس بورڈ پنجاب تیزی سے انٹرنیشنل معیار کے اسکواش کمپلیکس کی تعمیر مکمل کر رہا ہے اور نئے سال کے موقع پر اسکواش کے کھلاڑیوں کو کمپلیکس بطور تحفہ دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔
اسکواش کمپلیکس میں ایک انٹرنیشنل گلاس کورٹ بھی شامل ہے، اس کے علاوہ ایک نیشنل کورٹ اور 6 پریکٹس کورٹس بھی کمپلیکس میں موجود ہیں جبکہ جدید سہولتوں سے آراستہ جِم بھی بنایا گیا ہے۔
سیکریٹری اسپورٹس پنجاب مظفر خان سیال کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ آف دی آرٹ اسکواش کمپلیکس مکمل ہونے کے قریب ہے، اسکواش کے کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی سہولتیں حاصل ہوں گی۔