• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپٹما کا کابینہ کمیٹی کے اہم فیصلوں کو منٹس میں شامل نہ کرنے پر احتجاج

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) نے کابینہ کمیٹی کے اہم فیصلوں کو منٹس میں شامل نہ کرنے پر احتجاج کیا ہے۔

آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن نے وزارت فوڈ سیکیورٹی سے متعلق نائب وزیراعظم کو خط لکھ دیا ہے۔

اپٹما نے نائب وزیراعظم کی سربراہی میں کابینہ کمیٹی برائے کپاس بحالی سے متعلق خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزارت فوڈ سیکیورٹی کے منٹس موصول ہوئے، کئی اہم فیصلے شامل نہیں ہیں۔

خط میں لکھا گیا ہے کہ منٹس میں کاٹن سیس سے متعلق نائب وزیراعظم کے احکامات، کاٹن سیس کی وصولی سے متعلق احکامات کو منٹس میں شامل نہیں کیا گیا۔

اپٹما کے مطابق نائب وزیراعظم نے کاٹن سیس کی وصولی کے لیے رولز کو تبدیل کرنے کی ہدایت کی تھی۔ پاکستان کاٹن بورڈ کے قیام کی تجویز کو بھی منٹس میں شامل نہیں کیا گیا۔ پاکستان کاٹن بورڈ میں نجی شعبے کی شرکت کو بڑھانے کی سفارش کی گئی تھی۔

اپٹما کے مطابق منٹس میں کاٹن سیس کی وصولی کے طے شدہ فارمولے کو شامل نہیں کیا گیا۔ فارمولے کے مطابق 70 فیصد کاٹن سیس میں کپاس کی بحالی کے لیے تحقیق و ترقی پر خرچ کرنے جبکہ 30 فیصد کاٹن سیس انتظامی امور پر خرچ کیے جانے کی تجویز دی گئی تھی۔

خط میں لکھا گیا ہے کہ ایف بی آر کے ذریعے کاٹن سیس کی وصولی پر اتفاق رائے ہوا تھا۔ نائب وزیراعظم نے 100 روپے فی گانٹھ کے حساب سے کاٹن سیس کی وصولی کا حکم دیا تھا۔ وزارت فوڈ سیکیورٹی نے ان احکامات کی خلاف ورزی کی ہے۔

اپٹما نے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ وزارت فوڈ سیکیورٹی کے جاری کیے گئے منٹس واپس کیے جائیں، تمام اسٹیک ہولڈرز کی متفقہ سفارشات کے مطابق نظرثانی منٹس جاری کیے جائیں۔

تجارتی خبریں سے مزید