غزہ کی الاقصیٰ یونیورسٹی میں گریجویٹ طالبات نے جنگ کے دوران تعلیم دینے کے عمل کو جاری رکھنے پر استاد کو خراج تحسین پیش کیا۔
خان یونس میں جامعہ الاقصیٰ کے انگلش ڈپارٹمنٹ کی 150 طالبات نے انتہائی مشکل حالات کے باوجود گریجویشن کا جشن منایا، جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے والی طالبات نے اپنے استاد کو سامنے کھڑا کرکے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
اس دوران طالبات استاد کیلئے نغمے بھی گاتی رہیں، اور ان کیلئے تالیاں بجاتی نظر آرہی ہیں۔
مذکورہ استاد نے اسرائیلی بمباری اور نسل کشی کے باوجود طلبہ کو حوصلہ دیا اور تعلیم کے ساتھ ساتھ انہیں گریجویشن مکمل کرنے کی ترغیب بھی دیتے رہے۔
خیال رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جنگ میں اب تک کم از کم 68,875 فلسطینی شہید اور 170,679 زخمی ہو چکے ہیں۔