اسلام آباد:(انصار عباسی)…27 ویں ترمیم پر نواز لیگ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے حالیہ مذاکرات کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی صدر کےلیے تاعمر استثنیٰ اور قومی احتساب بیورو کے خاتمے کا مطالبہ لے آئی۔
آئین کی شق 248 صدر کو اپنے عہدے کی مدت کے دوران کسی بھی فوجداری کاروائی سے استثنیٰ دیتا ہے اس حوالے سے درج ہے کہ ’’ کسی بھی عدالت میں صدر اور گورنر کے خلاف ان کے عہدے کی مدت کے دوران کسی بھی قسم کی کوئی فوجداری کارروائی نہ تو شروع ہوسکتی ہے اور نہ ہی جاری رہ سکتی ہے خواہ وہ کچھ بھی ہو‘۔
تاہم اس کے باوجود پیپلزپارٹی نے ان کے صدارتی عہدے کی مدت سے آگے تا عمر استثنیٰ کا تقاضا کرڈالا۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ اگر پارلیمنٹ اس کی منظوری دے دیتی ہے تو صدر کے خلاف نئی یا پرانی کوئی فوجداری کاروروائی ان کے عہدہ چھوڑنے کے بعد بھی نہیں ہوسکتی۔
پارٹی نے نیب ختم کرنے کا تقاضا بھی کیا ہے جو کہ میثاق جمہوریت کا حصہ بھی ہے جس پر پیپلزپارٹی اور نواز لیگ نے 2006 میں دستخط کیے تھے۔ میثاق جمہوریت میں کہا گیا تھا کہ نیب کو ایک خودمختار احتساب کمیشن سے تبدیل کردیا جائے گا جو کہ پارلیمانی نگرانی میں شفاف طریقے سے کام کریگا۔
ترمیم کا حتمی مسودہ پارلیمانی با ڈی کا جائزہ مکمل ہونے کے بعد اس وقت کوئی صورت اختیار کریگا جب اس کی رپورٹ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پیش کی جائے گی۔
پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما مرتضیٰ وہاب، جو مجوزہ 27ویں آئینی ترمیم پر (پی ایم ایل ن) کے ساتھ مذاکرات کرنے والی پارٹی ٹیم کا حصہ تھے، نے دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے صدر، گورنر، وزیر اعظم، وزرائے اعلیٰ اور وزیروں کو حاصل وہ اصل آئینی تحفظ — جو آئین کے آرٹیکل 248 کے تحت موجود تھا — بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے، جسے سابق چیف جسٹس افتخار چودھری نے غیر آئینی طور پر ختم کر دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی یہ بھی چاہتی ہے کہ چارٹر آف ڈیموکریسی (میثاقِ جمہوریت) کے باقی ماندہ اور اب تک غیر نافذ شدہ نکات — جن میں نیب (قومی احتساب بیورو) کا خاتمہ بھی شامل ہے — کو اس ترمیم میں شامل کیا جائے۔
مرتضیٰ وہاب نے وضاحت کی کہ وہ نکات جن پر حکومتی جماعتوں کے درمیان اتفاقِ رائے ہو گیا ہے، انہیں 27ویں آئینی ترمیم کے مسودے میں شامل کر لیا گیا ہے، جبکہ وہ تجاویز جن پر ابھی تک اتفاق نہیں ہو سکا، مثلاً نیب کا خاتمہ، زیرِ بحث ہیں اور انہیں مسترد نہیں کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ایم ایل ن بھی اس مؤقف سے متفق ہے کہ نیب کو بالآخر ختم کردیا جانا چاہیے، جیسا کہ دونوں جماعتوں نے میثاقِ جمہوریت میں اس کا وعدہ کیا تھا۔