محمد آصف نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی اسنوکر چیمپئن شپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنالی، جبکہ دیگر کھلاڑیوں کا فیصلہ تیسرے اور حتمی راؤنڈ کے بعد ہوگا۔
اسجد اقبال اور شاہد آفتاب بھی جیت گئے، لیکن محمد حسنین اپنے اہم میچ میں شکست کھا گئے۔
قطر میں جاری چیمپئن شپ کے دوسرے راؤنڈ کے میچز میں پاکستان کے محمد آصف نے چین کے پان یمنگ کے خلاف سخت مقابلے میں چار، تین سے کامیابی حاصل کی۔
اسجد اقبال نے ایرانی کھلاڑی حمید زارے دوست کو چار، تین فریم سے ہرایا۔ شاہد آفتاب نے آئل آف مین (برطانیہ) کے ڈیرل ہل کو چار، ایک سےزیر کیا۔
میچ کے دوران شاہد آفتاب نے 68 کاخوبصورت بریک بھی کھیلا۔ محمد حسنین یو اے ای کے محمد شیہاب سے چار، تین سے ہار گئے۔