بالی ووڈ کے اداکار سنی دیول والد کی صحتیابی کے بعد گھر پر فوٹوگرافرز کو دیکھ کر غصے میں پھٹ پڑے، اداکار نے ویڈیو بنانے پر فوٹوگرافر کو گالی دے دی۔
بالی ووڈ کے سینئر اداکار دھرمیندر کی صحت کے حوالے سے تشویش کے دوران ان کے بیٹے سنی دیول جمعرات کو اس وقت برہم ہو گئے جب فوٹوگرافرز بڑی تعداد میں ان کے گھر کے باہر جمع ہو گئے۔
اداکار نے سخت لہجے میں میڈیا نمائندوں کو تنبیہ کی کہ وہ ایسے نازک وقت میں ان کے خاندان کی پرائیویسی کا احترام کریں۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ سنی دیول اپنے گھر سے غصے میں باہر نکلے، ہاتھ جوڑ کر فوٹوگرافروں سے مخاطب ہوئے اور کہا کہ کیا ویڈیو بنا رہے ہو، شرم نہیں آتی؟ آپ کے گھر میں ماں باپ ہیں، بچے ہیں، اداکار نے غیر اخلاقی کلمات کہے اور گالی بھی دی۔
ان کے اس جملے نے انٹرنیٹ پر ہنگامہ برپا کر دیا، لیکن مداحوں کی ایک بڑی تعداد نے سنی دیول کی حمایت کی، یہ مؤقف اپناتے ہوئے کہ میڈیا کو کسی کی ذاتی زندگی میں دخل اندازی نہیں کرنی چاہیے، خاص طور پر جب بات کسی بیمار والد کی دیکھ بھال کی ہو۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سنی دیول کی ٹیم نے تصدیق کی تھی کہ دھرمیندر کو اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے اور ان کا علاج اب گھر پر جاری رہے گا۔
ان کے بیان میں میڈیا اور عوام سے غلط قیاس آرائیوں سے گریز اور خاندان کی پرائیویسی کے احترام کی اپیل بھی کی گئی تھی۔
سنی دیول نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب آپ کی دعاؤں، نیک تمناؤں اور محبت کے شکر گزار ہیں۔ وہ آپ سب کو بہت چاہتے ہیں، براہِ کرم ان کا احترام کریں۔
اس ہفتے کے آغاز میں سوشل میڈیا پر یہ جھوٹی خبریں گردش کر رہی تھیں کہ دھرمیندر کا انتقال ہو گیا ہے۔ تاہم ان کی اہلیہ ہیما مالنی اور بیٹی ایشا دیول نے فوراً ان افواہوں کی تردید کرتے ہوئے مداحوں کو یقین دلایا کہ دھرمیندر زندہ اور علاج کے مراحل میں ہیں۔
دھرمیندر کے گھر کے باہر جمع میڈیا اہلکار نہ صرف دیول خاندان کے آنے جانے کی ویڈیوز بنا رہے تھے بلکہ یہاں تک کہ کھانے کی ڈلیوری کی فوٹیجز بھی سوشل میڈیا پر شیئر کر رہے تھے، جس پر سنی دیول آخر کار غصے میں پھوٹ پڑے۔