پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار، ہدایتکار اور مصنف شمعون عباسی نے اپنی بیٹی کی زندگی میں ولن کا کردار ادا کیے جانے کے الزام پر ردعمل ظاہر کر دیا۔
حال ہی میں ابھرتی ہوئی اداکارہ اور شمعون عباسی کی بیٹی عنزیلہ عباسی نے ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف امور پر بات چیت کی۔
دورانِ انٹرویو میزبان نے اداکارہ سے ان کے والد کا سوال کچھ اس طرح کیا اور کہا کہ ’آپ کی زندگی میں موجود موسٹ آئیکونک پرسن کے بارے میں بات کرتے ہیں، جنہوں نے زیادہ تر فلموں میں ولن کا کردار ادا کیا‘۔
اس پر عنزیلہ نے جواب دیتے ہوئے کہا، ’کیا ہمیں اس پر حیران ہونے کی ضرورت ہے؟‘، عنزیلہ کے جواب پر میزبان نے ہنستے ہوئے کہا کہ لگتا ہے وہ آپ کی زندگی میں بھی ولن کا کردار ادا کرچکے ہیں۔
تاہم اب شمعون عباسی نے ان الزامات کا جواب دیتے ہوئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بُک پر بیٹی کے ہمراہ ان کے بچپن سے جوانی تک کی چند تصاویر شیئر کی ہیں اور کیپشن میں لکھا کہ ’ غیر حاضر باپ‘۔
واضح رہے کہ شمعون عباسی اور جویریہ عباسی سال 1997ء میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے اور 2009ء میں اس جوڑی کے درمیان علیحدگی ہو گئی تھی۔
شمعون عباسی سے طلاق کے بعد جویریہ نے اپنی زندگی اپنی بیٹی کے لیے وقف کردی تھی لیکن شمعون عباسی نے جویریہ کے بعد تین شادیاں کیں جن میں اداکارہ حمیمہ ملک، جویریہ رندھاوا اور شیری شاہ شامل ہیں۔