پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ ماضی کی مقبول اداکارہ فریال گوہر نے انکشاف کیا ہے کہ جمال شاہ سے طلاق کے بعد انہوں نے دوسری شادی کی تھی مگر دوسرے شوہر کینسر کے باعث انتقال کر گئے۔
حال ہی میں ماضی کی اداکارہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی اور کیرئیر سمیت مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
دورانِ گفتگو انہوں نے 2002 کا ایک قصہ بیان کرتے انکشاف کیا کہ انہوں نے دوسری شادی کیلیفورنیا کے ایک ڈرماٹولجسٹ سے کی جن کا انتقال کینسر سے ہوا۔
ماضی کی اداکارہ نے بتایا کہ دوسری شادی 9 سال رہی، وہ پاکستانی ڈاکٹر تھے۔ ان سے پہلی ملاقات اپنے ڈینٹسٹ کے کلینک میں ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ میرے دوسرے شوہر میرے ڈینٹسٹ کے بھائی اور بہت اچھے انسان تھے۔ دوسرے شوہر کے انتقال کے بعد اب میں اپنا وقت اپنے پالتو جانوروں کے ساتھ گزارتی ہوں اور یہی میری زندگی ہے۔ میں نے بہت سے پیاروں کو کینسر کے باعث کھو دیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل فریال گوہر کی دوسری شادی سے متعلق بہت کم لوگ جانتے تھے، انہوں نے 2002 میں عرفان جمعیل رحمٰن نامی پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر سے شادی کی تھی۔ 2011 میں ان کے دوسرے شوہر کا انتقال ہوگیا تھا۔
انہوں نے پہلی شادی اداکار و ڈراما نگار جمال شاہ سے 1983 میں کی تھی، جو 1992 میں طلاق پر ختم ہوئی۔