چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے آج کے دن کو قومی کرکٹ کے لیے فخر کا دن قرار دیا ہے۔
ایک بیان میں چیئرمین پی سی بی نے سری لنکا کے خلاف قومی ٹیم کی کلین سوئپ فتح اور ایشیاء کپ رائزنگ اسٹارز میں بھارت کو پاکستان شاہینز کے ہاتھوں شکست پر مبارک باد دی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان شاہینز نے بھارت اے کو 8 وکٹ سے ہرا دیا، ایونٹ میں ٹیم نے دبنگ، نڈر اور ناقابلِ فراموش پرفارمنس دی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان شاہینز نے بھارت اے کا ہدف صرف 13 اعشاریہ 2 اوورز میں حاصل کیا، ہماری نوجوان توپوں کی شاندار کرکٹ سے پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔
اُن کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز میں شاندار کلین سوئپ پر تمام کھلاڑیوں کو مبارک باد دیتا ہوں۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ٹی ٹونٹی سیریز جیتنے کے بعد ون ڈے میں بھی سری لنکا کو شکست دی، بیک ٹو بیک شاندار پرفارمنس پر کھلاڑیوں، کوچز اور انتظامیہ کے جذبے پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان لڑکوں پربھروسہ اور یقین رکھیں، یہ ملک کے لیے اپنا سب کچھ دے رہے ہیں ،پاکستان کرکٹ اور ہمارے شائقین کے لیے ایک بہترین لمحہ ہے۔
محسن نقوی نے حارث رؤف کو مین آف دی سیریز، شاندار بولنگ کا اعزاز ملنے پر خصوصی مبارک باد دی ہے۔