وزن کم کرنے کی چابی بظاہر بہت سادہ لگتی ہے، کم کھائیں۔ آپ چاہے کوئی بھی ڈائٹ پلان اپنائیں، وزن کم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ اتنی کیلوریز جلائیں جتنی آپ کھاتے ہیں یا اس سے بھی زیادہ۔ لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ وزن کم کرنے کے لیے آپ کو کتنی کیلوریز لینی چاہئیں؟
امریکی نیشنل لائبریری آف میڈیسن کے مطابق زیادہ تر لوگوں کے لیے روزانہ تقریباً 500 کیلوریز کم کرنا ایک اچھا آغاز ہوسکتا ہے۔ اگر آپ روزانہ 500 کم کیلوریز کھائیں تو ایک ہفتے میں تقریباً ایک پاؤنڈ وزن کم ہوسکتا ہے۔
کیلوریز کا حساب لگانے کا ایک اور آسان طریقہ یہ ہے کہ اپنی باڈی ویٹ (وزن) کو 15 سے ضرب دیں، یہ تعداد آپ کو بتائے گی کہ اپنا موجودہ وزن برقرار رکھنے کے لیے کتنی کیلوریز کی ضرورت ہے۔ وزن کم کرنے کے لیے صرف اس میں کمی کر دیں۔
لیکن صرف کیلوریز گننا کافی نہیں ہے، نیو یارک سٹی میں این وائی یو لینگون ہیلتھ کی ماہر غذا سمانتھا ہیلر کا کہنا ہے کہ ہر کوئی فوری حل چاہتا ہے، لیکن وزن کم ہونا راتوں رات کا عمل نہیں۔ نہ ہم جلدی وزن بڑھاتے ہیں اور نہ ہی جلدی کم کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ آپ کچھ بھی کھا کر وزن کم کر سکتے ہیں، جب تک آپ پہلے کے مقابلے میں کم کیلوریز کھا رہے ہیں یا زیادہ کیلوریز جلا رہے ہیں۔
ہیلر کا کہنا ہے کہ زیادہ سبزیاں کھائیں جیسے گاجر، ٹماٹر، بروکلی، پالک، شملہ مرچ۔ اپنی غذا میں دالیں شامل کریں جیسے لال اور سفید لوبیا، دالیں، چنے کی دال اور مکمل اناج استعمال کریں جس میں گندم، جو، براؤن رائس اور روزانہ کچھ پھل اور خشک میوہ جات لیں۔
زیادہ کیلوریز والے کھانوں کی جگہ کم کیلوریز اور صحت مند متبادل کھائیں۔ اسنیکس کے لیے پاپ کارن یا انگور، کم چکنائی والی چیز اسٹکس، ایک چھوٹا سیب یا چند بادام کھائیں۔
روزانہ اپنی خوراک سے ایک زیادہ کیلوریز والی چیز ختم کرنے کی کوشش کریں، جیسے دوپہر یا رات کے کھانے میں میٹھا۔ کھانے کے وقت دوسری پلیٹ نہ لینا کیلوریز کم کرنے کا ایک آسان طریقہ ہے۔
اگر آپ کھانا پکا رہے ہیں تو زیادہ کیلوری والے اجزاء کی جگہ کم کیلوری والے استعمال کریں۔ مثال کے طور پر کریم کی جگہ سادہ دہی استعمال کریں۔ تلی ہوئی اشیا ترک کریں، جن میں فرنچ فرائز بھی شامل ہیں۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ کیلوریز کم کرنے کا مطلب ہے کہ آپ کو یہ بدلنا ہوگا کہ آپ کتنا اور کیا کھاتے ہیں۔ اور وزن کم کرنے اور اسے برقرار رکھنے کا کوئی آسان راستہ نہیں ہے۔
حال ہی میں جرنل آف اوبیسٹی اینڈ میٹابولک سنڈروم میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں مختلف ڈائٹ پلانز کا جائزہ لیا گیا جس سے پتہ چلا کہ کیلوریز کم کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ایک ذاتی وزن کم کرنے کا منصوبہ بنایا جائے جس پر آپ طویل عرصے تک کاربند رہ سکیں۔