زمبابوے کے کپتان سکندر رضا کا کہنا ہے کہ قومی شرٹ پہن کر صرف جیت کا سوچتے ہیں، زمبابوے رواں سال زیادہ میچز ہاری لیکن دیگر ٹیموں کو چیلنج کیا ہے۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس میں سکندر رضا نے کہا کہ حالیہ محنت کی بدولت زمبابوے نے سری لنکا کو ٹرائی سیریز کے میچ میں شکست دی ہے۔
سکندر رضا کا کہنا تھا کہ اسپیشلسٹ کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی میں اہمیت کے حامل ہوتے ہیں، میرے حساب سے بیٹنگ اوسط سے زیادہ اسٹرائیک ریٹ کی اہمیت ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیسے اوپنر تیز کھیلتے ہیں ویسے ہی ہر بیٹنگ پوزیشن کا ایک مخصوص کردار ہوتا ہے۔
زمبابوے کے کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موسم کرکٹ میں بہت اہم کردار ادا کرتا ہے، سردیوں میں پاکستان میں کرکٹ کھیلنا بیشتر شہروں میں مشکل ہوتا ہے، پی ایس ایل پہلے فروری اور پھر مئی میں ہوا تھا۔
کپتان زمبابوے ٹیم نے کہا کہ زمبابوے کے لیے اپنے تین سویں انٹرنیشنل میچ میں جیت دلانا میرے لیے خاص ہے۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ٹرائی نیشن سیریز کے دوسرے میچ میں زمبابوے نے سری لنکا کو 67 رنز سے شکست دی۔