چین میں بیجنگ کے ایک میوزیم میں پیش کی جانے والی انوکھی کافی نے شائقین کی دلچسپی بڑھا دی ہے۔ یہ کافی عام نہیں بلکہ اس میں پسے ہوئے کاکروچ اوپر سے چھڑکے جاتے ہیں جبکہ خشک پیلے میل ورمز کو مشروب میں ملایا جاتا ہے۔
چینی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس ’روچ کافی‘ کی قیمت 45 یوآن (تقریباً 6 ڈالر) مقرر کی گئی ہے، اور یہ ایک حشرات سے متعلق میوزیم کے کافی کارنر میں دستیاب ہے۔ رپورٹ میں میوزیم کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔
میوزیم کے ایک ملازم نے بتایا کہ یہ کافی جون کے آخر میں متعارف کرائی گئی تھی لیکن انٹرنیٹ پر حال ہی میں مقبول ہوئی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ چونکہ میوزیم کا موضوع کیڑے مکوڑے ہے، لہٰذا اسی مناسبت سے ڈرنکس متعارف کرانا ایک مناسب خیال لگا۔
روایتی چینی طب کے مطابق کاکروچ پاؤڈر خون کی گردش بہتر کرنے میں مدد دے سکتا ہے جبکہ پروٹین سے بھرپور میل ورمز مدافعتی نظام کو مضبوط بناتے ہیں۔