• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریضوں کو درپیش تمام مشکلات فوری طورپر حل کی جائیں، وزیر صحت کی ہدایت

پشاور (اے پی پی) صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمان نے شبقدر ہسپتال کادورہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے مجموعی کارکردگی اور عوام کو معیاری صحت خدمات کی فراہمی کا جائزہ لیا۔ وزیر صحت نے وارڈز، لیبارٹریز، آپریشن تھیٹرز اور او پی ڈی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ضروری طبی سہولیات کی دستیابی، آلات کی فعالیت، صفائی ستھرائی اور ہر شعبے کے انتظامی امور کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ انہوں نے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور نرسز کی حاضری بھی ذاتی طور پر چیک کی اور مثر صحت خدمات کیلئے وقت کی پابندی اور نظم و ضبط کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر صحت نے اسپتال کے انتظامی اور طبی ریکارڈ کا بھی جائزہ لیا، جس میں مریضوں کے اندراجات، تشخیصی رپورٹس، انوینٹری لاگز اور ڈیوٹی روسٹرز شامل تھے، تاکہ شفافیت اور درست دستاویزات کو یقینی بنایا جا سکے۔ عوامی آرا جاننے کیلئے خلیق الرحمن نے مریضوں اور انکے تیمارداروں سے براہِ راست ملاقات کی، انکے مسائل، تجاویز اور سہولیات کے بارے میں اطمینان کے حوالے سے گفتگو کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت ضلعی اورتحصیل سطح پر صحت نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ وزیر صحت نے عوام کی جانب سے سامنے آنے والے مسائل پر تشویش کا اظہار کیا اور ایم ایس کو ہدایت کی کہ مریضوں کو درپیش تمام مشکلات فوری طور پر حل کی جائیں، سروس ڈلیوری میں بہتری لائی جائے اور عملے، ادویات اور تشخیصی سہولیات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے انتظامیہ کو مقررہ وقت میں تفصیلی عمل درآمد رپورٹ بھی جمع کرانے کی ہدایت دی۔ وزیر صحت نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ صوبائی حکومت صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور غفلت یا ناقص کارکردگی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
پشاور سے مزید