پشاور (اے پی پی) پشاور افسرانِ بالا کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں غیر قانونی اسلحہ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈان مزید تیز کردیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ایس ایچ او تھانہ بڈھ بیر اکرم جان اور سیفن چوکی انچارج صفدر شاہ نے دیگر پولیس نفری کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی اسلحہ اور مختلف جرائم میں ملوث مزید ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں سیف اللہ، فیصل، ذین اللہ، وحید خان، رحمت اللہ، عرفان اللہ، اقبال، احمد علی اور عبد الخالق شامل ہیں جو غیر قانونی اسلحہ اور دیگر جرائم میں ملوث ہیں، ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر دو کلاشنکوف، دو رائفل، دو پستول، میگزین اور متعدد کارتوس بھی برآمد کیے گئے۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔