• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آپ جیسا بڑا دل کسی کا نہیں تھا، دھرمیندر جی ہمیشہ یاد آئیں گے، شلپا شیٹی

فوٹو: انسٹاگرام/ شلپا شیٹھی
فوٹو: انسٹاگرام/ شلپا شیٹھی 

بالی ووڈ کے سینیئر اداکار دھرمیندر کی موت پر فلم انڈسٹری اور شوبزنس فنکاروں نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ و فلمی ہیروئن شلپا شیٹی نے سینئر اداکار دھرمیندر کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔

فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر آنجہانی اداکار کے ساتھ اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے شلپا شیٹی نے لکھا کہ بہت کم لوگوں کو ایسے باصلاحیت فنکاروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملتا ہے، لیکن آپ جیسا بڑا دل کسی کا نہیں۔

شلپا شیٹی نے کہا کہ آپ کی صلاحیت، آپ کا وقار، آپ کی خوبصورتی، یہ سب تو بس شروعات تھی، اصل جادو آپ کی عاجزی، سادگی اور مہربانی میں تھا، جو ہمیشہ دلوں کو چھو جاتی تھی۔

بالی ووڈ اداکارہ نے مزید کہا کہ آپ ایک حقیقی لیجنڈ تھے، ایک روشن ستارہ، جس نے بے شمار لوگوں کے دلوں میں محبت بوئی۔ دھرمیندر جی، آپ ہمیشہ یاد آئیں گے۔

خیال رہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری کے ممتاز اداکار اور بالی ووڈ کے لیجنڈ دھرمیندر چل بسے، ان کی موت سے شائقین اور فلمی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 89 سالہ معروف اداکار گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے، گزشتہ دنوں ان کو سانس سے متعلق شدید تکلیف کے باعث اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ دھرمیندر کی آخری رسومات پون ہنس کریمیٹریم ممبئی میں ادا کی گئیں۔

رسومات میں ان کی اہلیہ اداکارہ ہیما مالنی اور بیٹی ایشو دیول سمیت بھارتی فلم انڈسٹری کے کئی بڑے نام شریک تھے جس میں امتابھ بچن، جیا بچن، ابھیشک بچن، عامر خان اور دیگر افراد بھی شامل تھے۔

معروف فلم ساز کرن جوہر نے بھی انسٹاگرام پر دھرمیندر کی موت کی تصدیق کی اور انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مین اسٹریم سنیما کے ہیرو میگا اسٹار کا دور ختم ہوا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید