• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سونف کا پانی نظام ہضم کو بہتر بنانے کے ساتھ کئی بیماریوں کا تدارک کرتا ہے، ماہرین

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ سونف کو پانی میں بھگو کر اس پانی کو پینا صحت کے لیے متعدد فوائد بشمول نظام ہضم میں مدد کے ساتھ دیگر بہتری کا سبب بن سکتا ہے۔ صبح کے وقت سونف کا پانی پینا دنیا بھر میں بہت سے لوگوں کی روزمرہ زندگی کا حصہ بنتا جا رہا ہے۔

 یہ کس طرح کسی کی صحت میں کارآمد ہوتا ہے؟ سونف کے بیج، جنہیں عام طور پر سونف کہا جاتا ہے، برصغیر پاک و ہند کے کھانوں میں مختلف طریقوں سے استعمال ہوتے ہیں۔ 

اسے بطور مصالحہ اور کھانے کے بعد منہ سے خوشبو کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ پان کا بھی ایک اہم جزو ہے۔ تاہم اس کا ایک اہم پہلو اس کے صحت کے لیے فوائد ہیں جس کے بارے میں لوگ کم ہی جانتے ہیں۔

ماہرین صحت کے مطابق سونف کو رات بھر پانی میں بھگو کر اس کا پانی پینا نہایت ہی مفید ہوتا ہے، کیونکہ یہ ہاضمے کے نظام کو بہتر کرتا ہے اور معدے کو اینزائمز اور  ڈائیجیسٹیو جوس پیدا کرنے میں مدد دیتا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ وزن کم کرنے کی کوشش کرنے والوں کے لیے بھی بہت مدد گار ہے، کیونکہ سونف کا پانی بھوک کو کم کرتا ہے۔ یہ جسم سے نقصان دہ زہریلے اور فاسد مادے بھی خارج کرتا ہے۔

سونف کے بارے میں ایک اور بات کم لوگوں کو معلو ہے کہ اس میں فائٹو ایسٹروجنز پائے جاتے ہیں، جو جسم میں ہارمونز کے توازن کو برقرار رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔ خاص طور پر خواتین بالخصوص ان کے لیے جو اپنے ایام مخصوصا میں غیر معمولی مسائل یا مینوپاز کی علامات سے گزر رہی ہوں۔

اسکے علاوہ اس میں اینٹی آکسیڈنٹ پائے جاتے ہیں جیسے فلیونوائیڈز، پولی فینولز اور کیرسیٹن، جو نہ صرف خلیوں کو نقصان سے بچاتے ہیں بلکہ امراض قلب اور کینسر کے خلاف زیادہ موثر کردار ادا کرتے ہیں۔

ایسے افراد جو ناک میں بلغم اور مائع کے جمع ہونے سے پریشان ہیں، وہ سونف کے پانی کا استعمال کر کے اپنے نظام تنفس کو بہتر بنا سکتے ہیں۔


نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کیلئے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

صحت سے مزید