• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویسٹ یارکشائر، منی لانڈرنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، لاکھوں پاؤنڈ کے اثاثے ضبط

فائل فوٹو
فائل فوٹو

لیڈز میں ویسٹ یارکشائر پولیس نے منظم جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف اکتوبر کے دوران بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے مشتبہ غیر قانونی اثاثوں کی ضبطگی، بینک اکاؤنٹس کی فریزنگ اور جعلی کاروباروں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔ 

حکام کے مطابق یہ کارروائی ’آپریشن مچنائز ٹو‘ کے تحت کی گئی، جس کا مقصد منی لانڈرنگ اور فرنٹ بزنسز کے ذریعے جرائم سے کمائی گئی رقوم کو قانونی ظاہر کرنے کے عمل کو روکنا تھا۔

پولیس کے مطابق مختلف ہائی اسٹریٹ شاپس، ویپ اسٹورز، باربر شاپس اور دیگر کاروباری مقامات پر چھاپوں کے دوران تقریباً 2.7 ملین پاؤنڈ مالیت کے زیورات، قیمتی گاڑیاں، سونا، چاندی اور نقد رقم ضبط کی گئی۔ 

اسی آپریشن کے تحت چار ملین پاؤنڈ مالیت کی جائیدادیں اور بینک اکاؤنٹس بھی منجمد کیے گئے۔ 

ترجمان ویسٹ یارکشائر پولیس کا کہنا تھا کہ کئی دکانیں بظاہر قانونی نظر آتی تھیں، مگر ان کا استعمال منشیات فروش گروہوں کی رقم چھپانے کے لیے کیا جارہا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نو کاروباری بینک اکاؤنٹس کو فریز کیا گیا جن میں 3 لاکھ 60 ہزار پاؤنڈ موجود تھے، جبکہ کارروائی میں قابلِ ذکر مقدار میں کنٹرولڈ ڈرگز بھی برآمد ہوئیں۔

اس آپریشن میں ٹریڈنگ اسٹینڈرڈز نے بھی حصہ لیا، جنہوں نے جعلی سگریٹس اور غیر قانونی ویپس کی بڑی تعداد پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے۔ 

حکام کے مطابق غیر قانونی ویپ اور تمباکو کی فروخت بھی منظم جرائم کی مالی معاونت میں استعمال ہو رہی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس کارروائی نے خطے میں مجرمانہ مالی سرگرمیوں کو شدید دھچکا پہنچایا ہے تاہم حکام نے مزید تحقیقات کے پیشِ نظر کسی بھی گروہ یا فرد کا نام جاری نہیں کیا۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ مشکوک کاروباری سرگرمیوں، غیر معمولی کیش ٹرانزیکشنز یا بظاہر خالی مگر چلنے والے کاروبار کی اطلاع فوراً پولیس یا کرائم اسٹاپرز کو دیں۔

برطانیہ و یورپ سے مزید