کراچی (اسٹاف رپورٹر) گھر کے شیر بھارتی کرکٹرز کا گھمنڈ ٹوٹنے کے قریب ہے، اب صرف ایک ٹھوکر باقی ہے۔ بھارت پر گوہاٹی ٹیسٹ میں شکست کے بادل منڈلا رہے ہیں۔ وکٹ مشکل ہوتی جارہی ہے۔ چوتھے دن کھیل کے اختتام پر دوسری اننگز میں دو وکٹ پر27 رنز بنائے تھے ۔ اسے شکست سےبچنے کیلئے 522 رنزکی ضرورت ہے۔ کلدیپ یادیو چار اور سائی سددر سن دو رنز پر کریز پر موجود ہیں۔ جیسوال 13رنز بناکر جینسن کا شکار بنے۔ کے ایل راہول کو چھ رنز پر ہارمر نے بولڈ کیا۔ منگل کو جنوبی افریقا نے دوسری اننگز پانچ وکٹ پر260رنز بناکر ڈیکلیئر کردی۔ بھارت کو جیت کیلئے 549 رنز کا ہدف دیا گیا۔ ٹرسٹان اسٹبز 94، ٹونی ڈی زورزی 49، رائن ریکلٹن 35، ایڈن مارکرام 29 اور کپتان ٹمبا باووما 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ویان ملڈر 35 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ رویندرا جدیجا نے 4 اور واشنگٹن سندر نے ایک وکٹ حاصل کی۔