• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کا فنی اور ثقافتی ورثہ عظیم خزانہ ہے، ڈاکٹر محمد فیصل

برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان کا فنی اور ثقافتی ورثہ ایک عظیم خزانہ ہے۔

 وہ پاکستان ہائی کمیشن لندن اور فورم فار انٹرنیشنل ریلیشنز ڈیولپمنٹ برطانیہ کے اشتراک سے ایک پُر وقار  تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔

ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ کلاسیکی موسیقی اور صوفی کلام سے لے کر جدید تھیٹر اور ادب تک، ہمارا فن اپنی اصل شناخت، شمولیت، برداشت اور محبت سے جڑا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات پاکستان کے تخلیقی تشخص کو عالمی سطح پر روشناس کروانے کا اہم ذریعہ ہیں۔ پاکستان ہائی کمیشن لندن مستقبل میں بھی فنونِ لطیفہ کو اُجاگر کرنے والی ایسی کاوشوں کو جاری رکھے گا۔

تقریب میں ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل کے علاوہ اُن کی اہلیہ ڈاکٹر سارہ نعیم، رکنِ پارلیمان عدنان حسین ایم پی، ہائی کمیشن کے افسران اور بڑی تعداد میں پاکستانی نژاد برطانوی کمیونٹی، فنونِ لطیفہ کے طالب علم اور لندن کے ثقافتی حلقوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ 

پاکستان کے ممتاز ڈرامہ نگار اور اجوکا تھیٹر کے سربراہ شاہد ندیم نے "اجوکا تھیٹر کا سفر اور جدید تھیٹر میں صوفی موضوعات کی پیشکش" کے موضوع پر خطاب کیا۔ شاہد ندیم نے پاکستانی تھیٹر کی صوفی افکار سے جڑی ہوئی تخلیقی روایت پر جامع اور فکر انگیز گفتگو کی۔ 

تقریب میں عالمی شہرت یافتہ وائلن ماسٹرو پرائیڈ آف پرفارمنس، ستارۂ امتیاز اور ہلالِ امتیاز کے حامل استاد رئیس احمد خان نے اپنی جادوئی دھنوں سے حاضرین کو مسحور کیا۔ طبلے کی لے کے ساتھ اُن کی وائلن کے ساتھ پیش کی گئی موسیقی پر سامعین فنکاروں کو داد و تحسین دیتے رہے۔ 

تقریب کے شرکاء نے اس خوبصورت تقریب کو ایک شاندار ثقافتی پیشکش قرار دیا اور پاکستان ہائی کمیشن کے کردار کو سراہا اور کہا کہ یہاں پاکستان کی مثبت، تخلیقی اور روشن پہچان کو نمایاں طور پر پیش کیا جاتا ہے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید