جرمنی میں رہنے والے ایک تھیراپی گھوڑے کو گنیز ورلڈ ریکارڈز نے دنیا کا سب سے چھوٹا زندہ گھوڑا قرار دیا ہے۔ اس کا قد صرف 21.1 انچ ہے۔
کیرولا ویڈمان نامی خاتون کے مطابق انہوں نے پوموکل نامی اس گھوڑے کو 2020 میں اس وققت گود لیا تھا، جب یہ صرف 5 ماہ کا تھا اور اس کی اونچائی تقریباً 18 انچ تھی۔
کیرولا نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کو بتایا کہ جب میں نے اس گھوڑے کو دیکھا تو حقیقتاً مکمل طور پر حیران ہوئی، کیونکہ میں نے اس سے قبل اتنا چھوٹا گھوڑا نہیں دیکھا تھا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز نے پوموکل کے قد کی تصدیق کی جو کہ اسکے کاندھوں سے آگے گردن کے بالکل اوپری حصے سے ناپا گیا جو کہ 21.1 انچ ہے اور اسے دنیا کا سب سے چھوٹا زندہ نر گھوڑا ہے۔ یہ گھوڑا اس سے قبل پستہ قامت ترین ریکارڈ کے حامل گھوڑے سے بھی تقریباً ڈیڑھ انچ چھوٹا ہے۔
پوموکل ایک تربیت یافتہ تھیراپی گھوڑا ہے اور یہ پابندی سے نرسنگ ہومز، ہوسپیسز (کینسر کے قریب المرگ مریضوں کی دیکھ بھال کی جگہ)، اسکولوں اور معذور افراد کی فسیلییٹیز کا دورہ کرتا ہے۔
اسے گود لینے والی خاتون کا مزید کہنا تھا کہ یہ بڑا خوش مزاج گھوڑا ہے، بچوں کے ساتھ بہت خوش ہوتا ہے، اسے ہاتھ سے کھجانا، پیار کرنا اور لوگوں کی توجہ کا مرکز بننا بہت پسند ہے۔