بالی ووڈ اداکارہ ملائکہ اروڑا ایک بار پھر افواہوں اور خبروں کی زینت بن گئی ہیں اور اس کی وجہ وہ پراسرار شخص ہے جو بار بار ان کے ساتھ نظر آ رہا ہے۔
اب اس شخص کی شناخت ہرش مہتا کے نام سے کر لی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس حوالے سے قیاس آرائیوں میں اس وقت شدت آئی جب اس جوڑی کو ممبئی ایئر پورٹ پر دیکھا گیا۔
اگرچہ اس بار ان دونوں نے محتاط رہنے کی کوشش کی، ملائکہ آگے چل رہی تھیں اور ہرش کچھ قدم پیچھے چہرے پر کالا ماسک لگائے آ رہے تھے لیکن یہ احتیاط زیادہ دیر کارگر نہ رہ سکی، بالآخر دونوں ایک ہی گاڑی میں سوار ہو کر روانہ ہو گئے، گاڑی میں ہرش ملائکہ کے فوراً بعد بیٹھے، یہ منظر سوشل میڈیا پر ہلچل مچانے کے لیے کافی تھا۔
ہرش مہتا کو پہلی بار اداکارہ کے ساتھ ممبئی میں چند ہفتے قبل ایک کنسرٹ میں دیکھا گیا تھا، جس کے فوراً بعد سوشل میڈیا پر ان کے نئے رومانس کے حوالے سے چہ مگوئیاں شروع ہو گئی تھیں۔
غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق 33 سالہ ہرش مہتا ہیروں کے تاجر ہیں، اگر یہ اطلاعات درست ہیں تو وہ ملائکہ اروڑا سے 19 سال چھوٹے ہیں، جو اس سال 52 برس کی ہو چکی ہیں۔
عمر کے اس فرق نے مداحوں کے جوش کو کم کرنے کے بجائے مزید ہوا دی ہے۔
جب سے ملائکہ اور ہرش کو ایک ساتھ دیکھا گیا ہے، سوشل میڈیا صارفین اس نوجوان کے بارے میں معلومات کھوجنے میں مصروف ہیں۔
تبصروں کے سیکشنز میں صارفین کی جانب سے طرح طرح کی آراء سامنے آ رہی ہیں، ایک صارف نے لکھا ہے کہ وہ خود کو کیمروں سے بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ دوسرے نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ملائکہ نے اپنے لیے اچھا انتخاب کیا ہے۔
دوسری جانب ملائکہ کی ٹیم نے فی الحال اس معاملے پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔
یاد رہے کہ ملائکہ اروڑا اور اداکار ارجن کپور نے 2018ء میں ڈیٹنگ شروع کی تھی، تاہم دونوں نے کبھی کھل کر اپنے تعلقات پر بات نہیں کی، بعد ازاں 2024ء میں دیوالی کی ایک تقریب کے دوران ارجن کپور نے تصدیق کی تھی کہ وہ سنگل ہیں۔
رواں سال ستمبر میں ممبئی میں ایک پریمیئر کے دوران ارجن اور ملائکہ کا آمنا سامنا ہوا تھا جہاں دونوں نے گرم جوشی سے گلے مل کر ایک دوسرے کا استقبال کیا تھا۔