صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے آج طلب کیا گیا سینیٹ کا اہم اجلاس کورم پورا نہ ہونے کے سبب ملتوی کرنا پڑ گیا۔
حکومت قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ کے اہم اجلاس کے لیے بھی کورم پورا کرنے میں ناکام رہی۔
سینیٹ کا اجلاس شروع ہوتے ہی پی ٹی آئی کے ارکان واک آوٹ کر گئے جس کے بعد کورم کی نشاندہی کی گئی۔
کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے ایوان میں آدھے گھنٹے کا وقفہ کر دیا گیا۔
سینیٹ اجلاس وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہوا تو پی ٹی آئی اراکین نے ایوان میں احتجاج شروع کر دیا۔
پی ٹی آئی کے سینیٹرز نے ایوان میں اپنی نشستوں پر کھڑے ہوکر ڈیسک بجائی اور ’بانی سے ملاقات کراؤ ، ملاقات کراؤ‘ کے نعرے لگائے۔
پی ٹی آئی کے رہنما سینیٹر ذیشان خانزادہ نے ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہیں کرنے دیں گے تو ہم اجلاس نہیں چلنے دیں گے۔
جس پر چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ایسے دھمکی نہیں دے سکتے کہ اجلاس نہیں چلنے دیں گے۔
ایوان میں کورم پورا نہ ہونے کے باعث چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے اجلاس کچھ دیر کے لیے ملتوی کر دیا۔
یاد رہے کہ 22 نومبر کو حکومت نے اہم قانون سازی کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس ایک روز میں طلب کیے تھے۔
واضح رہے کہ حکومت نے حال ہی میں آئین میں 27ویں ترمیم قومی اسمبلی و سینیٹ سے منظور کروائی ہے جس میں وفاقی آئینی عدالت کے قیام سمیت دیگر اہم امور شامل تھے۔