پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کروانے پر جیل سپرنٹنڈنٹ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔
علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہینِ عدالت کی درخواست دائر کی۔
درخواست کے متن کے مطابق 24 مارچ کے عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کرنے پر توہینِ عدالت کی درخواست دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالتی حکم عدولی پر ذمہ داران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، توہین عدالت کے مرتکب افراد کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔
علیمہ خانم نے اپنی درخواست میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل، وفاقی سیکریٹری داخلہ اور سیکریٹری داخلہ پنجاب کو فریق بنایا ہے۔
بعد ازاں علیمہ خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج عدالتوں کے دروازے عوام کے لیے بند ہیں، عدالتوں کی توہین ہے کہ ان کے آرڈرز نہیں مانے جا رہے، بانیٔ پی ٹی آئی کو نقصان نہیں پہنچایا جا سکتا۔