ٹیٹوز سے انسان کی جلد کو پہنچنے والے نقصان کے بارے میں ایک نئی تحقیق سامنے آئی ہے۔
تحقیق کے مطابق ٹیٹوز بنوانے والے لوگوں کے جلد کے کینسر میں مبتلا ہونے کا خطرہ 29 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔
تحقیق کے مطابق ایسے افراد جو ٹیٹوز بنواتے ہیں انہیں میلانوما (Melanoma) ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے، یہ جلد کے کینسر کی ایک سنگین قسم ہے جو کہ اکثر سورج کی خطرناک شعاعوں کی وجہ سے ہوتی ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ٹیٹوز سورج کی خطرناک شعاعوں سے ہونے والے جلد کے کینسر کی قسم اسکویمس سیل کارسنوما (squamous cell carcinoma) کے خطرے کو بڑھاتے نظر نہیں آتے، اگرچہ جلد کے یہ دونوں طرح کے کینسر میلانوما اور اسکویمس سیل کارسنوما سورج کی خطرناک شعاعوں کی وجہ سے ہوتے ہیں لیکن دونوں مختلف خلیوں کی اقسام سے پیدا ہوتے ہیں اور شدت میں مختلف ہوتے ہیں، اسکویمس سیل کارسنوما، میلانوما سے کہیں زیادہ خطرناک ہوتا ہے۔
ٹیٹوز اپنے خیالات کا اظہار کرنے کے لیے ایک بہترین انتخاب اور جدید شناخت کا سنگ بنیاد ہیں۔ سویڈن میں ہر تین میں سے ایک بالغ فرد نے اپنے جسم پر ٹیٹوز بنوائے ہوئے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آج کے جدید دور میں یہ آرٹ کتنا مقبول ہے۔
مقبولیت کے باوجود سائنس دان ابھی تک یہ نہیں جانتے کہ ٹیٹوز کے انسان کی صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں، اس لیے وبائی امراض کے ماہرین اب ان سوالات کا جواب تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن یہ کام مشکل ہے کیونکہ جو لوگ ٹیٹوز بنوانے کا انتخاب کرتے ہیں وہ اکثر ان لوگوں سے مختلف ہوتے ہیں جو صحت کے نتائج کو متاثر کرنے کے طریقوں سے ایسا نہیں کرتے ہیں۔
ٹیٹوز کے بارے میں ذہن میں اُٹھنے والے سوالات کے جواب تلاش کرنے میں ایک اور مشکل یہ ہے کہ ابھی تک زیادہ تر لوگوں کے صحت کے ریکارڈز میں یہ بات کبھی نوٹ ہی نہیں کی گئی کہ کسی نے ٹیٹو بنوایا یا نہیں، اس کا مطلب ہے کہ ٹیٹوز کے صحت پر ممکنہ اثرات کے بارے میں جاننے کے لیے طویل مدتی نمونوں کا مطالعہ کرنا مشکل ہے۔
اس لیے محققین نے تحقیق کا آغاز ان لوگوں سے کیا جن کو پہلے ہی کینسر کی تشخیص ہو چکی تھی اور اس دوران سب سے پہلے یہ پتہ لگایا کہ کینسر میں مبتلا ان تمام افراد میں سے کس نے ٹیٹوز بنوائے ہیں، اس قسم کی تحقیق کو کیس کنٹرول اسٹڈی کہا جاتا ہے جو دو چیزوں کے آپس میں ممکنہ تعلق کا پتہ لگانے کا ایک مؤثر طریقہ ہے۔
اس تحقیق کے لیے سویڈن کے نیشنل کینسر رجسٹر سے محققین نے 2014ء سے 2017ء کے درمیان جلد کے کینسر میلانوما اور اسکویمس سیل کارسنوما میں مبتلا ہونے والے 20 سے 60 سال کی عمر کے افراد کی صحت کے بارے میں موجود ریکارڈ کا مطالعہ کیا۔
محققین نے 2 ہزار 880 میلانوما کیسز اور 2 ہزار821 اسکویمس سیل کارسنوما کیسز کا مطالعہ کیا۔
تحقیق کے دوران محققین نے کینسر کے ہر ایک کیس کا موازنہ اس کے ہم عمر اور ہم جنس تین ایسے افراد کے ساتھ کیا جنہیں جلد کے کینسر کی تشخیص نہیں ہوئی تھی۔
اس تحقیق کے نتائج میں یہ بات سامنے آئی کہ ٹیٹوز بنوانے والے لوگوں کے جلد کے کینسر میلانوما میں مبتلا ہونے کا خطرہ 29 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔
ماہرین صحت کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس تحقیق کے نتائج سے ٹیٹوز بنوانے والے لوگوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے لیکن آگاہی اہمیت رکھتی ہے، اس لیے اپنی جلد کو سورج کی خطرناک شعاعوں سے بچائیں، سن اسکرین کا استعمال کریں اور اپنی جلد کو باقاعدگی سے چیک کرتے رہیں۔