غیرقانونی……
تمہیں بے دخل کیا جاسکتا ہے
کیونکہ تم امریکا میں غیر قانونی ہو،
میں نے اس نوجوان کو آگاہ کیا
جو اپنا کیس میرے پاس لایا تھا۔
جانتا ہوں، اس نے سر ہلایا۔
پہلے کہاں رہتے تھے، میں نے پوچھا۔
یورپ سے بھاگ کر آیا ہوں۔
وہاں بھی غیر قانونی تھا، وہ ہنسا۔
تم یورپی تو نہیں لگتے؟
ہاں، ترکی سے یورپ پہنچا تھا
کیونکہ وہاں بھی غیر قانونی تھا۔
اور ترکی سے پہلے؟ میں نے جاننا چاہا۔
اس نے دانت بھینچ کر کہا،
ترکی سے پہلے اس ملک میں، جہاں پیدا ہوا تھا۔
لیکن وہاں بھی غیر قانونی تھا۔