• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن: ایمبولینس طلبی کیلئے ایمرجنسی کالز میں بڑا اضافہ

تصویر سوشل میڈیا۔
تصویر سوشل میڈیا۔

لندن میں گزشتہ ہفتہ ایمبولینس طلب کرنے کیلئے ایمرجنسی نمبر 999 پر کی جانے والی کالز میں بڑا اضافہ دیکھا گیا، لندن ایمبولینس سروس کے مطابق سال کے لگاتار تین مصروف ترین دن بھی اسی ہفتے میں رہے۔

سروس کو سال کے مصروف ترین دنوں میں تقریباً ساڑھے پانچ ہزار کالیں موصول ہوتی ہیں جبکہ 27 سے 29 نومبر تک روزانہ سات ہزار سے کالز موصول ہوئیں، صرف 28 نومبر کو یہ تعداد 7,608 تھی۔

سروس کے مطابق وائرل انفیکشن اور فلو کے باعث سانس لینے میں دشواری کے سبب کالز میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

این ایچ ایس کے اعداد و شمار کے مطابق لندن میں فلو کا ٹیکہ لگوانے کے اہل افراد میں سے نصف نے بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھایا۔

ماہرین نے پہلے ہی رواں برس کے موسم سرما میں دہائی کے بدترین فلو سیزن کی پیشگوئی کی ہوئی ہے، جس کی وجہ فلو کے نئے قسم کے وائرس کا زیر گردش ہونا ہے۔

لندن ایمبولینس سروس کے اسٹریٹجک کمانڈر لارنس کاؤڈرائے کا کہنا ہے کہ سروس نے موسم سرما کے دباؤ سے نمٹنے کی تیاری کر رکھی ہے تاہم لوگ ایمرجنسی نمبر پر صرف اس وقت کال کریں جب جان کا خطرہ ہو۔

انھوں نے کہا کہ فلو سیزن سے نمٹنے کیلئے مصروف ترین وقت میں 460 ایمبولینسیں سڑکوں پر ہوں گی، آرٹیفیشل انٹیلجنس کا استعمال کیا جائے گا، مزید فون اپوائٹمنٹس دی جائیں گی اور دباؤ بڑھنے پر کالز کو ری ڈائریکٹ کیا جائے گا۔

این ایچ ایس کے مطابق لندن میں فلو کے ٹیکے کے اہل افراد میں سے صرف 46 فیصد یعنی 17 لاکھ افراد نے اس سہولت سے فائدہ اٹھایا ہے۔

فلو کا ٹیکہ حاملہ خواتین، 65 برس سے زائد عمر کے افراد، کیئر ہوم کے رہائشیوں، معمر اور معذور افراد، دائمی امراض میں مبتلا افراد، سیکنڈری اسکول تک کے بچوں اور فرنٹ لائن ہیلتھ اور سوشل ورکرز کیلئے مفت ہے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید