اوورسیز پاکستانی کمیشن پنجاب کے وائس چیئرمین بیرسٹر امجد ملک نے کہا ہے کہ تارکینِ وطن کی جائیدادوں پر ناجائز قبضوں کے خاتمے کے لیے پنجاب کے 37 اضلاع میں خصوصی عدالتوں میں ججوں کی تعیناتی کر دی گئی۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار قونصلیٹ جنرل پاکستان مانچسٹر کے دفتر میں میڈیا بریفنگ کے دوران کیا، تقریب میں قونصل جنرل امتیاز فیروز گوندل، ویلفیئر اتاشی مصباح نورین سمیت سینئر صحافیوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔
بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ تارکینِ وطن کی جائیدادوں سے قبضے ختم کرنے کے لیے پیرا کا محکمہ قائم کر دیا ہے جو ناجائز قابضین سے جائیدادیں واگزار کرائے گا، وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر اوورسیز کمیشن نے مال روڈ لاہور میں سہولت مرکز قائم کر دیا ہے، تارکینِ وطن کی 26ہزار درخواستیں نمٹادی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قونصلیٹ کو رجسٹرار کا اختیار دیں گے تاکہ پراپرٹی ٹرانسفر شفاف ہو، اس سے پاور آف اٹارنی میں جعل سازی ختم ہو گی، اوورسیز پاکستانی کمیشن کا پورا نظام ہے جسے لینڈ، پراپرٹی، پولیس سمیت تمام محکموں کی معاونت حاصل ہے۔
بیرسٹر امجد ملک نے بتایا کہ الفلاح بلڈنگ مال روڈ لاہور میں اسٹیٹ آف اسٹیٹ ون ونڈو سہولت مرکز قائم ہو گیا ہے جہاں نادرا، خدمت مرکز، لینڈ اینڈ پراپرٹی سمیت تمام محکموں کے نمائندے موجود ہوں گے، ہیرا مرکز بھی موجود ہو گا جو گھروں کا قبضہ واگزار کرائے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ خصوصی عدالتوں کے علاوہ ڈپٹی کمشنر کے ماتحت کمیٹی بنائی ہے جو عام شہریوں کی جائیدادوں پر قبضوں کی شکایات کا ازالہ کرے گی، پیرا نے 1 ہزار قبضے واگزار کرائے ہیں، میڈیا تارکینِ وطن کی مشکلات اجاگرکرے تاکہ انہیں دور کیا جائے۔
بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ اوورسیز کمیشن پنجاب کو 35 ہزار شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 26 ہزار نمٹا دی گئی ہیں، جائیدادوں کی خرید و فروخت اور ٹرانسفر کے لیے الیکٹرانک نظام وضع کردیا ہے، پاور آف اٹارنی کے غلط استعمال اور جائیداد کی ٹرانسفر کا نظام صاف اور شفاف بنانے کے لیے آئندہ قونصلیٹ دفتر میں سہولت مہیا کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ مقدمات کی سماعت کے دوران پاکستان ہائی کمیشن اور قونصل خانوں میں اوورسیز اپنے بیان ریکارڈ کرا سکیں گے، قونصل جنرل کو رجسٹرار کے اختیارات دیے جائیں گے، برطانیہ میں موجود کشمیری کمیونٹی کی جائیدادوں پر قبضوں کی سماعت اسلام آباد میں موجود وفاقی عدالت کرے گی تاہم امید ہے کہ آزاد کشمیر حکومت بھی پنجاب کی طرح جلد اوورسیز کمیشن قائم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ملک سے باہر جانے والوں کو فنی تربیت دی جا رہی ہے، لینڈ ٹرانسفر کی آن لائن سہولت لندن سے شروع کر دی ہے، پاکستان میں بے نامی پراپرٹی کا الگ محکمہ بنا دیا گیا ہے، پاکستانی دہری شہریت رکھ سکتے ہیں، ترکی اور پرتگال کے ساتھ بھی دہری شہریت کے حوالے سے مذاکرات جاری ہیں۔
تقریب میں قونصل جنرل امتیاز فیروز گوندل نے آخر میں شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی خدمت کے لیے انتھک کوششیں جاری ہیں، بریفنگ کا مقصد اوورسیز کمیشن کے خدمات سے آگاہ کرنا تھا تاکہ زیادہ سے زیادہ اوورسیز ان سے استفادہ کریں، اس موقع پر شرکاء کے لیے عشائیے کا انتظام بھی کیا گیا۔