کراچی( اسٹاف رپورٹر )شہر میں ہیوی ٹریفک سے شہریوں کی ہلاکت کا سلسلہ نہ تھم سکا، ہلاکتیں ای چالان سسٹم پر سوالیہ نشان ہے، ٹریفک حادثات میں 4 افراد جاں بحق اور ای ک زخمی ہو گیا،ایک جاں بحق نوجوان رضوان کا 21 دسمبر کو نکاح تھا، متوفی پرانا گولیمار کا رہائشی اور پرنٹنگ پریس کا ملازم تھا۔ تفصیلات کے مطابق سائٹ اے تھانے کی حدود حبیب بینک پل حبیب بینک سے میٹرو شاپنگ سینٹر جاتے ہوئے نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہو گیا جس کی لاش عباسی شہید اسپتال لائی گئی جہاں اس کی شناخت 28 سالہ محمد رضوان ولد محمد اسلم کے نام سے ہوئی۔پولیس کے مطابق حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور واقعہ کے بعد فرار ہو گیا۔ پولیس نے بتایا کہ اب تک کی معلومات کے مطابق متوفی ہیوی ٹریلر یا ٹرک کی ٹکر سے جاں بحق ہوا ہے جبکہ عینی شاہدین کا دعویٰ ہے کہ واقعہ دو مسافر مزدا بسوں کی ریس کے دوران پیش آیا تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کے حوالے سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ متوفی رضوان پرانا گولیمار کا رہائشی اور پرنٹنگ پریس پر کام کرتا تھا۔ متوفی کا 21 دسمبر کو نکاح اور 7 جنوری 2026 کو ولیمہ طے تھا۔ متوفی کی لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ بریگیڈ تھانے کی حدود کشمیر روڈ پر پی ایس او پمپ کے قریب واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ متوفی کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت محمد حیی ولد محمد مزمل کے نام سے ہوئی۔واقعہ کے بعد مشتعل افراد نے واٹر ٹینکر پر پتھراؤ کیا، پولیس کے مطابق واٹر ٹینکر کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ متوفی برزٹا لائن کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔