کراچی (نیوز ڈیسک) خلا سے کھینچی گئی خیرہ کُن تصویر میں خانۂ کعبہ روشنی کے نقطے کی طرح نمایاں، ناسا کے خلا باز نے مکہ کی شاندار تصویر شیئر کی، ایکسپوژر ٹیکنالوجی سے شہر، پہاڑ اور مسجد الحرام کی دلکش جزئیات کا اظہار ہوتا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ناساکے خلا باز ڈان پیٹٹ نے انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن سے مکہ مکرمہ کی ایک خیرہ کُن تصویر لی ہے جس میں مسجد الحرام کے وسط میں موجود خانۂ کعبہ ایک روشن نقطے کی طرح خلاء سے بھی نمایاں دکھائی دیتا ہے۔ پیٹٹ، جو 2024 سے 2025 تک اپنی چوتھی آئی ایس ایس مہم کے دوران خلائی فوٹوگرافی کے لیے مشہور ہیں، نے یہ منظر ہائی ریزولوشن نائیکون کیمرے سے اسٹیشن کے کپولا ونڈو سے کیپچر کیا۔ تصویر میں پہاڑی وادیوں میں پھیلا مکہ اور فصیلِ مسجد الحرام صاف دکھائی دیتے ہیں جبکہ خانۂ کعبہ کی 24/7 روشنیاں اسے ایک چمکتے مینار کی طرح نمایاں کرتی ہیں۔ روشنیوں کا یہ مجموعہ، شہر کی وسیع لائٹنگ اور پیٹٹ کی طویل ایکسپوژر مہارت نے خلاء سے اس روحانی منظر کو انتہائی واضح بنا دیا، جو زمین کے روحانی مقامات کی عظمت کو تاروں کے نیچے بھی اُجاگر کرتا ہے۔